ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خط کا دوٹوک جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصول کرنے کے لیے اے سی سی صدر محسن نقوی کو خط لکھا تھا، جس میں درخواست کی گئی تھی کہ ٹرافی بھارتی ٹیم کو حوالے کی جائے۔
تاہم، محسن نقوی نے اپنے جواب میں واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرافی چاہیے تو باقاعدہ تقریب منعقد کرتے ہیں، وہاں آکر وصول کرلیں۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی نے بھارتی بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ٹرافی نومبر کے پہلے ہفتے میں دینے کے لیے تقریب دبئی میں رکھی جا سکتی ہے، اور اس حوالے سے بھارتی بورڈ کو باضابطہ اطلاع بھی دے دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ محسن نقوی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بھارتی بورڈ کے عہدیدار کسی ایک کھلاڑی کے ساتھ آکر تقریب میں ٹرافی وصول کریں۔
بھارتی کپتان کی متنازع حرکت: ایشیا کپ ٹرافی محسن نقوی سے لینے سے انکار
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں فتح کے باوجود بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس پر انہوں نے ٹرافی واپس اے سی سی کے دفتر بھجوا دی تھی۔
بھارتی بورڈ کی ہٹ دھرمی پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ “اگر بھارتی کپتان کو ٹرافی چاہیے تو میرے دفتر آ کر لے جائیں۔”