اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سابق کپتان مصباح الحق کو ایک اہم عہدے پر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے چند روز قبل ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل کے عہدے کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، اور اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مصباح الحق کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ اشتہار میں اہلیت کے معیار میں سابق ٹیسٹ یا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر ہونے کی شرط شامل کی گئی ہے، جو ماضی کے اشتہارات سے ایک نمایاں تبدیلی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت تنازعے میں مؤثر حکمتِ عملی اختیار نہ کرنے پر پی سی بی نے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو معطل کر دیا تھا، تاہم بعد میں انہیں دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی اس بار کرکٹ کے بین الاقوامی آپریشنز کے لیے کسی ایسے فرد کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے جسے میدانی اور انتظامی دونوں سطحوں پر تجربہ حاصل ہو، اور مصباح الحق کا شمار ایسے ہی امیدواروں میں کیا جا رہا ہے۔