پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش کھلاڑی اشعب عرفان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کا پہلا پی ایس اے ورلڈ ٹور ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے یہ اعزاز وینکوور مینز اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں حاصل کیا۔
فائنل میچ میں اشعب عرفان کا مقابلہ انگلینڈ کے سیم ٹوڈ سے تھا، جس میں پاکستانی کھلاڑی نے سیدھے تین سیٹوں میں فتح حاصل کر کے میدان مار لیا۔
میچ 43 منٹ تک جاری رہا، جس میں اشعب عرفان نے اپنے حریف کو 11-9، 11-1، اور 11-5 سے شکست دی۔ ان کی جیت نہ صرف اس ایونٹ کا اہم لمحہ بنی بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی اسکواش کے لیے ایک خوش آئند خبر بھی ثابت ہوئی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وینکوور اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 31,250 امریکی ڈالرز رکھی گئی تھی، جس میں اشعب عرفان نے نمایاں پرفارمنس دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پاکستانی کھلاڑی اشعب عرفان وینکوور مینز اوپن اسکواش کے فائنل میں پہنچ گئے
یہ کامیابی پاکستان کے اسکواش منظرنامے کے لیے ایک حوصلہ افزا علامت ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی کی عظیم اسکواش روایت ایک بار پھر بحال ہونے کی راہ پر گامزن ہے۔