لاہور: افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز سے دستبرداری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متبادل ٹیم کے طور پر زمبابوے کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے افغانستان کی عدم شرکت کے بعد زمبابوے کو سہ ملکی سیریز میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد اب سیریز پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز نومبر 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے، تاہم افغانستان کے انکار کے بعد نئے شیڈول اور فائنل فکسچر کا اعلان جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے باعث سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا مقصد سیریز کو ہر صورت ممکن بنانا ہے تاکہ نہ صرف ہوم کرکٹ کو فروغ دیا جا سکے بلکہ شائقینِ کرکٹ کو معیاری مقابلے دیکھنے کا موقع بھی فراہم ہو۔
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 17 سے 29 نومبر تک پاکستان کے مختلف شہروں میں شیڈول ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ پی سی بی آئندہ چند روز میں اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرے گا۔