لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں قومی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کی حالیہ شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں بہترین ٹیم ورک، عزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ “اسی جوش و جذبے اور مستقل مزاجی سے کھیل جاری رکھا تو انشاءاللہ مزید کامیابیاں ٹیم کا مقدر بنیں گی۔ اتحاد اور تسلسل ہی کامیابیوں کی کنجی ہے، اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم مستقبل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے گی۔”
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ “کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ یہ دوستی، رواداری اور باہمی احترام کا پل ہے۔ امید ہے پاکستانی ٹیم کرکٹ کی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے گی۔”