کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے کیونکہ عالمی کرکٹ نے ایک نیا اور دلچسپ فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف کرایا ہے۔
یہ فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ کی روایت اور ٹی 20 کی تیزرفتار اسٹائل کا امتزاج ہے، جسے سال 2026 میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ‘جونیئر ٹیسٹ ٹوئنٹی چیمپئن شپ’ کی صورت میں شروع کیا جائے گا۔ یہ چیمپئن شپ 13 سے 19 سال کے نوجوانوں کے لیے مخصوص ہوگی تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو ایک نئے انداز میں آزما سکیں۔
فارمیٹ کے قوانین اور خصوصیات
ٹیسٹ ٹوئنٹی میں ہر ٹیم کو دو اننگز کھیلنے کا موقع ملے گا، جن میں ہر اننگز صرف 20 اوورز پر مشتمل ہوگی۔ اس طرح میچ کا کل دورانیہ 80 اوورز ہوگا جو صرف ایک دن میں مکمل ہوگا۔ میچ کا نتیجہ جیت، ہار، ٹائی یا مشروط ڈرا کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ اگر دوسری اننگز میں بیٹنگ ٹیم کے پانچ وکٹیں برقرار ہوں تو وہ میچ کو ڈرا قرار دے سکتی ہے، ورنہ میچ کا فیصلہ لازمی ہوگا۔
کونسی ٹیمیں اور کھلاڑی شامل ہوں گے؟
ابتدائی طور پر چھ فرنچائزز حصہ لیں گی، جن میں تین بھارتی اور تین بین الاقوامی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر فرنچائز کی شریک ملکیت کرکٹ، فلم اور کاروبار کی دنیا کی معروف شخصیات کے بچوں کو دی جائے گی تاکہ کھیل کو نوجوان نسل کے قریب لایا جا سکے۔ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے دو طریقے رکھے گئے ہیں: ایک معروف کوچز اور کھلاڑیوں کی سفارشات پر مبنی براہ راست انٹری، اور دوسرا جدید AI سسٹمز، موشن سینسرز اور ڈیٹا انٹیلیجنس کے ذریعے عالمی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب۔
انتخابی عمل اور انٹیلیجنس انڈیکس
پہلے مرحلے میں 1000 نوجوان کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے، جنہیں ’ٹیسٹ ٹوئنٹی انٹیلیجنس انڈیکس‘ (TTII) کے ذریعے جانچا جائے گا۔ اس میں سے 300 کھلاڑی نیلامی میں جائیں گے، جن میں سے 96 کھلاڑی 6 فرنچائزز کی ٹیموں میں شامل ہوں گے، جبکہ باقی 204 وائلڈ کارڈ کے لیے رکھے جائیں گے۔
میچ کے خاص قواعد
ٹیسٹ ٹوئنٹی میں پاور پلے صرف ایک بار ہوگا اور وہ چار اوورز پر مشتمل ہوگا جس کا وقت کپتان مقرر کرے گا۔ اگر پہلی اننگز میں کوئی ٹیم 10 اوورز سے پہلے آل آؤٹ ہو جاتی ہے تو دوسری ٹیم کو تین اضافی اوورز دیے جائیں گے۔ باؤلنگ کے لیے پانچ باؤلرز کی حد ہوگی اور ہر باؤلر زیادہ سے زیادہ آٹھ اوورز ڈال سکے گا۔ نو بالز اور وائیڈز پر سخت جرمانے ہوں گے اور سست اوور ریٹ پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ میچ ٹائی ہونے کی صورت میں ’’سپر سیشن‘‘ یعنی ایک اوور کا فیصلہ کن مرحلہ ہوگا، اور اگر پھر بھی فیصلہ نہ ہو تو زیادہ باؤنڈریز کرنے والی ٹیم فاتح قرار پائے گی۔
اس منفرد اور جدید فارمیٹ کو عالمی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں اور ماہرین نے کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک خوش آئند تبدیلی قرار دیا ہے۔ اس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو ایک نیا پلیٹ فارم ملے گا بلکہ کھیل کے شائقین بھی ایک نیا انداز کرکٹ دیکھ سکیں گے۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی یقینی طور پر کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا باب ہوگا جس سے کھیل کی مقبولیت اور نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔