پاکستانی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو اچانک طبیعت بگڑنے پر امریکا کے شہر ہیوسٹن کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی صحت سے متعلق خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ہانیہ عامر حال ہی میں ہیوسٹن میں ہونے والے ہم ایوارڈز 2025 میں شریک ہوئیں، جہاں انہیں گلوبل اسٹار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ایونٹ کے دوران ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ایک مداح کے ساتھ غیر آرام دہ حالت میں نظر آئیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے فوری ردعمل دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، ایوارڈ شو کے بعد ہانیہ کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال سے سامنے آنے والی تصاویر میں وہ کمزور اور غیر صحت مند نظر آ رہی ہیں، جنہیں دیکھ کر ان کے مداح خاصے پریشان ہو گئے ہیں۔
ہانیہ عامر کی بنگلادیشی یوٹیوبر کے گھر دعوت، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ہانیہ عامر کی مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے ابھی تک ان کی صحت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم، قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اس وقت پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکاراؤں میں شامل ہیں، جن کے انسٹاگرام پر 19 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم "سردار جی 3” میں کام کیا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔