ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے رویے پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ اسی موضوع کو لے کر آسٹریلوی کھلاڑیوں اور ٹیم کے سپورٹ اسٹاف نے اس رویے کو طنز و مزاح کا نشانہ بناتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
یہ طنزیہ ویڈیو آسٹریلیا کی مشہور اسپورٹس ویب سائٹ Kayo Sports پر شائع کی گئی تھی۔ ویڈیو میں آسٹریلوی کھلاڑی جوش ہیزل ووڈ، گلین میکسویل، مچل مارش اور دیگر کو بھارتی ٹیم کے ’ہاتھ نہ ملانے‘ کے رجحان پر بات کرتے اور مذاق کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے ایک منظر میں آسٹریلوی کوچ طنزیہ انداز میں کہتا ہے: "ہاتھ تو یہ لوگ ملاتے ہی نہیں، ہمیں ان سے ڈیل کس طرح کرنا ہے؟” جس پر ہیزل ووڈ ہنستے ہوئے جواب دیتا ہے: "شوٹنگ کے انداز پر کیا خیال ہے؟”
یہ ویڈیو اگرچہ کچھ دیر بعد ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی، لیکن اس وقت تک سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی تھی۔ صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ نے ویڈیو کو ہلکی پھلکی مزاح قرار دیا، جب کہ کچھ صارفین نے بھارتی ٹیم کے غیر دوستانہ رویے کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا۔
AUS players pre-India clip mocks India no-handshake theatre vs Pak. Why Aussie media & players laughing at stance sold as national pride? @BCCI @JayShah @GautamGambhir @narendramodi @ICC @MithunManhas @vikrantgupta73 @rawatrahul9 @mufaddal_vohra @PadmajaJoshi @ShivAroor pic.twitter.com/lSbuyhEcui
— Maham Fazal (@MahamFazal_) October 14, 2025
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ آسٹریلیا نے پرومو ویڈیو میں بھارتی ٹیم کے ہاتھ نہ ملانے والے رویے پر براہ راست طنز کیا ہے۔ ایک بھارتی صارف نے ردعمل میں کہا کہ ہمیں اپنے روایتی اندازِ سلام ‘نمسکار’ پر ہی قائم رہنا چاہیے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے محمد ذیشان اعوان نے تبصرہ کیا: "آسٹریلوی بھارتیوں کی توہین کرنے میں زبردست ہیں۔”
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم 19 اکتوبر سے آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہو رہی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا بھارتی ٹیم ’ہاتھ نہ ملانے‘ کے رویے کو برقرار رکھتی ہے یا کھیل پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔