خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ملاقات آج 16 اکتوبر کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اس ملاقات کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت کو باضابطہ طور پر مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ یہ مراسلہ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور پنجاب کے سیکرٹری داخلہ کو ارسال کیا، جس میں وزیراعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اڈیالہ جیل آمد اور ان کی عمران خان سے ملاقات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کون ہیں؟
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خیبرپختونخوا میں نئی قیادت سامنے آئی ہے، اور پارٹی کے اندرونی مشورے اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے اسے ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔