وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی معاون وزیر خزانہ رابرٹ کیپ روتھ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے تیل، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش اور پائیدار منافع کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے دولت مشترکہ وزرائے خزانہ اجلاس سے بھی خطاب کیا، جس میں انہوں نے موسمیاتی فنانسنگ کی اہمیت اور "لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ” کو فوری طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے دورے کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے موٹروے M-6 کے دو حصوں کی فنانسنگ کی منظوری پر شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے اور تیل کی فراہمی جیسے منصوبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے دورے میں آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر اور سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں بہتری، عالمی سرمایہ کاری، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر گفتگو کی گئی۔
یہ دورہ پاکستان کے عالمی مالیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ملک میں براہِ راست سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔