پی ٹی سی ایل نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی سمندری کیبل کی مرمت کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق ایک بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے کیبل میں نصب رپیٹر کی مرمت کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا ہے۔ مرمتی عمل کا آغاز 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے ہوگا، اور یہ کام تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران انٹرنیٹ سروس میں جزوی تعطل، سست رفتاری یا کچھ علاقوں میں رابطے کے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ تاہم صارفین کو متبادل راستوں کے ذریعے سروس کی فراہمی ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ متاثرہ وقت کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا انحصار زیرِسمندر کیبلز پر ہوتا ہے، اور ان میں معمولی خرابی بھی دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور دستیابی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی مرمتی کام مکمل ہوگا، انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی۔