راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام صوبائی حکومت کی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے تاکہ ممکنہ بدامنی یا عوامی ہجوم سے پیدا ہونے والے خطرات کو روکا جا سکے۔
دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیاں اور مظاہرے مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور مختلف اضلاع میں مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام ادارے آپس میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
کراچی میں مذہبی جماعت کے دھرنے، پولیس ہائی الرٹ اور حفاظتی اقدامات
مزید بتایا گیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔