بہاولپور: غلہ منڈی میں گندم کی قیمت 3850 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے گندم کی فی من قیمت 3700 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 3850 روپے ہو گئی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق غلہ منڈی سے باہر کچھ جگہوں پر گندم کا ریٹ 4000 روپے فی من تک پہنچ چکا ہے، جس نے صارفین کو مزید مالی دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
گندم مہنگی ہونے کے باعث اوپن مارکیٹ میں آٹا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
چکی سے آٹا اب 110 سے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
فلور ملز سے 15 کلو کا تھیلا 1650 روپے میں دستیاب ہے۔
10 کلو کا آٹے کا تھیلا، جو 905 روپے میں دستیاب ہوتا تھا، اب مارکیٹ سے نایاب ہو چکا ہے۔
پنجاب میں گندم خریداری کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر، جامع منصوبہ تیار
گندم اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں استحکام اور آٹے کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں، ورنہ مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر جائے گا۔
غذائی تحفظ کے ماہرین بھی خبردار کر رہے ہیں کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں غذائی عدم تحفظ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔