لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم نے 23 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 3 ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ایشیائی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم نے یہ کارنامہ اپنے 37ویں ٹیسٹ میچ میں سرانجام دیا۔ اس دوران وہ 8 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، جو ان کی مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 3 ہزار سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں اب بابر اعظم کا بھی نام شامل ہو گیا ہے۔ اس فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ، بین اسٹوکس، زیک کرالی اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ شامل ہیں۔
راشد خان نے وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق کا ریکارڈ برابر کر دیا
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انگلینڈ کے جو روٹ کے پاس ہے، جنہوں نے اب تک 69 ٹیسٹ میچز میں 6 ہزار 80 رنز اسکور کیے ہیں۔
بابر اعظم کی اس کامیابی پر نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تجزیہ کاروں نے بھی انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان کی یہ کارکردگی پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹ میں مستقل بہتری کا بھی مظہر سمجھی جا رہی ہے۔