لاہور شہر میں سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ حکومتی اقدامات کے باعث متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بدستور بند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو جانے والی مرکزی شاہراہ بند ہے۔ اسی طرح شملہ پہاڑی، پریس کلب اور خیابانِ جناح چوک کے اطراف بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ شاہدرہ میٹرو اسٹیشن، چونکی دوگیج، سمن آباد سے اسکیم موڑ جانے والی سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
لاہور کے مضافاتی علاقوں میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ للیانی، مانگا منڈی، دروغہ والا سے سلامت پورہ جانے والی سڑک کو بھی بند کیا گیا ہے۔ جبکہ لاہور سے دیگر شہروں کی جانب جانے والی اہم موٹرویز (ایم-2 لاہور تا اسلام آباد، ایم-3 لاہور تا عبدالحکیم اور ایم-11 لاہور تا سیالکوٹ) دونوں اطراف سے بند ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت اسلحے کی نمائش، عوامی اجتماعات، اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، تاہم عوامی مقامات پر چار یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کو سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس یا مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔