کراچی میں ایک مذہبی جماعت نے شہر کے پانچ اہم مقامات پر دھرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پولیس اور رینجرز نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ان مقامات میں الآصف اسکوائر، اسٹار گیٹ، فائیو اسٹار چورنگی، ٹاور اور نمائش شامل ہیں۔ اگرچہ تاحال باقاعدہ دھرنے شروع نہیں ہوئے، لیکن سیکیورٹی ادارے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس ہیں۔
دھرنے کے اعلان کے بعد شارع فیصل پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ میٹروپول سے ایئرپورٹ تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مشکلات کم کی جا سکیں۔
پولیس نے نیو کراچی میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کر دیا جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فور کے چورنگی کے قریب مظاہرین نے سڑکیں بند کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرکے ٹریفک بحال کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں سے پولیس کی اپیل ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے چوکس ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔