خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے۔ وہ صوبے کی سیاست میں تیزی سے ابھرنے والی شخصیت ہیں جنہوں نے قلیل مدت میں نمایاں سیاسی مقام حاصل کیا۔
سہیل آفریدی نے پشاور یونیورسٹی سے بی ایس اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔ وہ نوجوانوں کی سیاست سے وابستہ رہے اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر کے علاوہ انصاف یوتھ وِنگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے 2024 کے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا، تاہم انہیں تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ انتخابی میدان میں انہوں نے صوبائی نشست پی کے-70 سے ن لیگ کے امیدوار بلاول آفریدی کو شکست دی اور پہلی مرتبہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
بعد ازاں، اس وقت کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کیا، پہلے معاونِ خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور بعد میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب
اب سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسمبلی اجلاس میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ووٹنگ ہوئی، جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکینِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔
سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ تقرری خیبر پختونخوا کی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز سمجھی جا رہی ہے۔