قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں چائے کے وقفے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالیے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز قدرے محتاط انداز میں ہوا۔ پہلے نقصان کی صورت میں کپتان ایڈن مارکرم 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں نعمان علی نے وکٹ کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ دوسرا نقصان ویان ملڈر کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 17 رنز بنا کر ایک مرتبہ پھر نعمان علی کا شکار بنے۔
چائے کے وقفے تک ریان لیکلیٹن 45 اور ٹونی ڈی زورزی 23 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اب تک جنوبی افریقی بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
قبل ازیں، پاکستان نے دن کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ وکٹ پر محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ موجود تھے۔ رضوان 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے فوراً بعد نعمان علی اور ساجد خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 93 رنز کی عمدہ اننگز کے بعد آؤٹ ہوگئے، جب کہ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقی باؤلر سینوران متھوسامے نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پرینیلان سبراین نے 2 جبکہ کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔