سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبرپختونخوا اسمبلی نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ منتخب کر لیا ہے۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ووٹنگ کے بعد 90 ارکانِ اسمبلی نے سہیل آفریدی کو قائدِ ایوان منتخب کیا، جب کہ اپوزیشن نے انتخابی عمل کو غیر آئینی قرار دے کر اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

latest urdu news

سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ایوان میں استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیا، اور انہوں نے اپنی 19 ماہ کی کارکردگی کو "ریکارڈ پر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جب حکومت سنبھالی تو خزانے میں صرف 18 دن کی تنخواہ موجود تھی، آج 218 ارب روپے ہیں۔”

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ چونکہ گورنر نے ابھی تک علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور نہیں کیا، اس لیے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا، "ایک وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرا منتخب نہیں ہو سکتا۔”

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے دو بار استعفیٰ گورنر کو بھیجا اور ایوان میں بھی واضح اعلان کیا، اس لیے نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کی راہ ہموار ہے۔ انہوں نے کہا، "آئین خواہشات کے مطابق نہیں، اصولوں کے مطابق چلتا ہے۔”

علی امین گنڈاپور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ نامزد

نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ضلع خیبر سے پہلی بار 2024 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF) خیبرپختونخوا کے سابق صدر رہے ہیں اور علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو بھی رہے۔ بعد ازاں انہیں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مقرر کیا گیا۔ وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں کل 145 ارکان ہیں، جن میں سے 93 کا تعلق حکومتی بینچز سے ہے۔ قائد ایوان بننے کے لیے 73 ووٹ درکار تھے، جو سہیل آفریدی کو مل گئے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter