پاک فوج نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے سب سے بڑے کیمپوں میں سے ایک، "عصمت اللہ کرار کیمپ” کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ یہ کیمپ سپین بولدک سیکٹر میں واقع تھا اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کا ایک فعال مرکز سمجھا جاتا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پاک فوج کی دوسری اسٹرائیک تھی، جس میں کیمپ کو مکمل طور پر نشانہ بنایا گیا۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں اسٹرائیک کے بعد کیمپ کی مکمل تباہی کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں موجود افغان طالبان اور ان کے ساتھ چھپے خارجی دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ کیمپ نہ صرف عسکری لحاظ سے مضبوط تھا بلکہ اس سے پاکستان کے خلاف کئی دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی بھی کی جاتی تھی۔
پاک افغان کشیدگی شدت اختیار کر گئی، طورخم بارڈر مکمل طور پر بند
یہ کارروائی پاک فوج کی ان جارحانہ دفاعی کارروائیوں کا تسلسل ہے جو حالیہ دنوں میں پاک افغان سرحد پر بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور فتنہ خوارج کے خطرے کے خلاف کی جا رہی ہیں۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے کیمپوں اور ٹھکانوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔