وزیراعظم شہباز شریف نے افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور افغانستان کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغانستان کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں اور افغان فورسز کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے۔ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور دہشت گرد تنظیموں کو وہاں پناہ حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کئی بار افغان حکام کو ’’فتنۃ الخوارج‘‘ اور ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ جیسے عناصر کی موجودگی سے آگاہ کر چکا ہے، لہٰذا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔
پاک فوج کی منہ توڑ کارروائی، 19 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا
دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افغان جارحیت کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کو بہادری کے ساتھ دشمن کو جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قوم کی غیرت، عزت اور وقار کی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرحدیں مقدس امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہر پاکستانی پر لازم ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن قومی سلامتی یا شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان جارحیت کا جواب واضح پیغام ہے کہ پاکستان امن کو کمزوری نہیں، بلکہ اپنی طاقت سمجھتا ہے۔