23
بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم اور لاہور کے معروف انڈرورلڈ کردار خواجہ تعریف گلشن المعروف طیفی بٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کی لاش کا پوسٹ مارٹم رحیم یار خان کے ایک سرکاری ہسپتال میں کیا گیا، جس کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ورثا نے لاش کو گلبرگ، نصیر آباد منتقل کر دیا ہے، جہاں تدفین کی تیاریاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ طیفی بٹ گزشتہ شب جمعہ اور ہفتہ کے درمیانی وقت ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ وہ طویل عرصے سے امیربالاج قتل کیس سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
طیفی بٹ کا نام لاہور میں انڈرورلڈ سرگرمیوں سے جڑا رہا ہے اور وہ متعدد جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کی ہلاکت کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم کچھ حلقے مقابلے کی نوعیت پر سوالات بھی اٹھا رہے ہیں۔