لاہور میں امیر بالاج قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم طیفی بٹ کے کزن گوگی بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا، تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی گوگی بٹ ساتھیوں سمیت فرار ہو چکا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گوگی بٹ کیس کا ایک اہم مرکزی کردار ہے جو کئی دنوں سے روپوش ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گوگی بٹ 13 اکتوبر تک عبوری ضمانت پر ہے، لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپتا پھر رہا ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح طیفی بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ سی سی ٹی وی ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سبزل میں پیش آیا، جب طیفی بٹ کو تفتیش کے لیے لاہور لایا جا رہا تھا تو اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔
امیر بالاج قتل کیس: مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار، لاہور منتقل
واضح رہے کہ طیفی بٹ کو انٹرپول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا اور گزشتہ روز کراچی لایا گیا تھا۔ امیر بالاج قتل کیس میں یہ پیش رفت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے، تاہم گوگی بٹ کی گرفتاری اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔