خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع پولیس ٹریننگ سینٹر پر گزشتہ رات ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ 7 پولیس اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے۔
ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کے مطابق آپریشن رات گئے مکمل کیا گیا جس میں پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈی جی پبلک ریلیشنز کے مطابق حملے کے وقت پولیس ٹریننگ سینٹر میں 200 سے زائد پولیس اہلکار اور ریکروٹس موجود تھے، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر کے ریسکیو کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران ٹریننگ اسکول اور اس کے قریب واقع نادرا آفس کو بھی کلیئر کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 8 بجے ٹریننگ اسکول پر حملہ کیا۔ پہلے زوردار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں سے طویل فائرنگ کے تبادلے کے بعد انہیں ہلاک کر دیا۔
واہ کینٹ میں پولیس کی بڑی کارروائی: مطلوب افغان شہری تین ساتھیوں سمیت ہلاک
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں یا دیگر خطرات کا پتہ چلایا جا سکے۔ سیکیورٹی اداروں نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
واقعے نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خطرے کی سنگینی کو اجاگر کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں اور سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے اور حساس تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔