پنجاب کے علاقے رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ڈاکوؤں کا پولیس کی گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا ہے جہاں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 11 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں پولیس موبائلز بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوؤں نے راکٹ لانچر سے پولیس وینز پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق دو پولیس موبائلوں میں پندرہ سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے۔
پولیس کے مطابق حملہ فتح پور بستی سلمان کے قریب ہوا جس وقت پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس جا رہے تھے۔
اس حوالے سے ڈی پی او رحیم یار خان عمران احمد کا کہنا تھا کہ فتح پور کے قریب پولیس موبائل خراب ہونے پر ڈاکوؤں نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کے ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر سے ایک ٹیم جائے وقوعہ پر بھیجی گئی ہے۔