پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فلک جاوید کے خلاف درج مقدمات میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی گئی۔
لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔ فلک جاوید کے خلاف ریاست مخالف ٹویٹ اور ایک ن لیگی خاتون رہنما کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال سے متعلق دو مقدمات درج ہیں۔
سماعت کے دوران NCCIA نے عدالت سے مؤقف اپنایا کہ فلک جاوید سے مزید تفتیش درکار ہے، لہٰذا ان کا جسمانی ریمانڈ مزید دو روز کے لیے دیا جائے۔
عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کر لی اور فلک جاوید کو دو دن کے لیے تفتیشی ادارے کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ فلک جاوید کو حال ہی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اور ایک معروف سیاسی خاتون رہنما کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید پشاور سے گرفتار
فلک جاوید کی گرفتاری اور اس کے بعد کی قانونی کارروائی کو پی ٹی آئی سوشل میڈیا حلقے میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ حکومتی اداروں کا مؤقف ہے کہ ریاست مخالف بیانیہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔