پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے پنجاب حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کبھی اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیا، شاید وہ خود کو وائسرائے سمجھنے لگے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کمزور نہ سمجھا جائے، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے قوم کے لیے جان دی، ہم آج بھی عوامی مسائل پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ پنجاب میں زراعت تباہ ہو چکی ہے، کسان مسلسل پریشان ہیں اور پیپلز پارٹی بار بار حکومت کو آگاہ کر رہی ہے، لیکن شنوائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے دورۂ قصور میں کسانوں نے بھی بے نظیر بھٹو کے زمانے جیسے ریلیف کا مطالبہ کیا۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں شامل ہونے کے باوجود ن لیگ کی قیادت نے پیپلز پارٹی کو مشورے میں شامل نہیں کیا، اور سیلاب زدہ علاقوں میں انتظامیہ کی نااہلی پر بھی ہماری بات کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کے مطابق اس طرزِ حکومت سے ایسا لگتا ہے جیسے وزیراعلیٰ کو صرف اختیار چاہیے، شراکت نہیں۔
مریم نواز کو جواب دینا ہوگا، اتحادیوں کو نظرانداز نہ کریں: ندیم افضل چن
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سندھ اور پنجاب کے درمیان سیاسی کشیدگی پہلے ہی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے، اور اتحادی جماعتوں کے درمیان خلیج مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔