آزاد کشمیر حکومت نے 8 اکتوبر 2025 بروز بدھ کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ یہ دن 2005 کے تباہ کن زلزلے میں جاں بحق ہونے والے ہزاروں افراد کی یاد میں منایا جائے گا۔ تعطیل کے حوالے سے سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ یہ دن "یومِ استحقاق و تجدیدِ عہدِ نو” کے طور پر منایا جائے گا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، دفاتر اور دیگر ادارے بند رہیں گے۔
8 اکتوبر 2005 کو آنے والے شدید زلزلے میں آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے متعدد علاقے متاثر ہوئے تھے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے نتیجے میں 70 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 28 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو گئے تھے۔
زلزلے سے مظفرآباد، باغ اور بالاکوٹ جیسے علاقے بری طرح متاثر ہوئے، جہاں کا زیادہ تر انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اسلام آباد کے مارگلہ ٹاورز کا ایک حصہ بھی زمین بوس ہو گیا تھا، جو زلزلے کی شدت کی علامت بنا۔
وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے 42 مطالبات تسلیم کر لیے
آزاد کشمیر حکومت کا یہ اقدام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف یادگاری تقریبات اور دعائیہ اجتماعات بھی متوقع ہیں۔