وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت کام کرنے والے ڈیڑھ لاکھ ورکرز کو راشن کارڈ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے ان ورکرز کو ہیروز قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان لوگوں نے ایک سال میں وہ کام کر دکھایا جس کا صرف خواب دیکھا گیا تھا۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب کی وردی زیب تن کر کے ورکرز کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ اگر میں وزیر اعلیٰ ہوتے ہوئے کمانڈو وردی پہن سکتی ہوں تو اپنی صفائی ٹیم کی وردی بھی فخر سے پہن سکتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ اسکیم پر وزیر بلدیات نے کام شروع کر دیا ہے اور اگلے ماہ لاہور میں باقاعدہ تقریب میں تمام ورکرز کو یہ کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔ ہر ملازم اس راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے تک کی خریداری کر سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ میری طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ ہے، جو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے ستھرا پنجاب کی ٹیم کو پنجاب کے شہروں، دیہاتوں، گلی محلوں، اور سڑکوں کو صاف کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ٹیم میری حکومت کی اصل فورس ہے، جیسے پولیس، ریسکیو اور دیگر ادارے ہیں۔
صنم جاوید کی گمشدگی ،ماورائے عدالت کارروائیاں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی: بیرسٹر سیف
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران ستھرا پنجاب کے ورکرز نے نہ صرف صفائی کا کام کیا بلکہ انسانی ہمدردی کے تحت ریسکیو سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے سیلابی ریلے کو روکنے کے لیے انسانی زنجیر بنا کر جانفشانی کا مظاہرہ کیا، جو لائق تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ساہیوال سمیت کئی شہروں میں یہ ورکرز اعلانات کر کے گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرتے ہیں، اور ان کی یہی لگن اور خدمت خلق انہیں ہیرو بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صرف صفائی نہیں بلکہ تحریک ہے جو لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
آخر میں، مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ "ستھرا پنجاب” کی ڈیڑھ لاکھ ملازمین پر مشتمل ٹیم دنیا کی سب سے بڑی صفائی فورس ہے، اور یہ پنجاب کی خدمت میں پیش پیش رہے گی۔