لاہور: بجلی صارفین پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے اعلان کیا ہے کہ نئے بجلی کنکشن یا خراب میٹر کی تبدیلی کے لیے اب صارفین کو 5 ہزار روپے کے بجائے 25 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے اے ایم آئی (AMI) میٹرز کی خریداری اور فراہمی کا اختیار پرائیویٹ کمپنیوں کو دے دیا ہے۔ ان کمپنیوں کو لیسکو کی جانب سے این او سی جاری کی جائے گی، جبکہ صارفین کو میٹر خود ان نجی کمپنیوں سے خریدنا ہوگا۔
لیسکو کا کہنا ہے کہ ادارے کا سالانہ بجٹ مکمل طور پر خرچ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے جون 2026 تک یہ انتظام عارضی طور پر پرائیویٹ کمپنیوں کے سپرد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ہزاروں صارفین براہِ راست متاثر ہوں گے۔
اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم ، 10 لاکھ سے زائد صارفین مستفید
صارفین کی جانب سے فیصلے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، کیونکہ پہلے 5 ہزار روپے میں دستیاب میٹرز اب پانچ گنا مہنگے داموں دستیاب ہوں گے، جس سے نہ صرف عام شہری بلکہ کم آمدنی والے افراد بھی شدید مالی دباؤ میں آ جائیں گے۔