گوتم گمبھیر پر سینئرز کو سائیڈ لائن کرنے کا الزام، منوج تیواری کا سخت ردعمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سینئر کھلاڑیوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کو ٹیم سے باہر کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواری نے دعویٰ کیا ہے کہ گمبھیر نے ایک ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس نے سینئر کھلاڑیوں کو ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کر دیا۔

latest urdu news

بھارتی میڈیا کے مطابق منوج تیواری نے ایک اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اگر ٹیم میں ویرات، روہت یا اشوین جیسے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہوں تو وہ ٹیم کے فیصلوں پر سوال اٹھا سکتے ہیں، لیکن گوتم گمبھیر نے ایسا ماحول بنایا کہ یہ کھلاڑی خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے۔”

انہوں نے کہا کہ اشوین پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، جبکہ ویرات اور روہت نے رواں سال مئی میں انگلینڈ کے دورے سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔ "یہ سب اسی دباؤ اور بنائے گئے ماحول کا نتیجہ ہے،” منوج تیواری کا کہنا تھا۔

منوج تیواری نے گوتم گمبھیر کے طرزِ قیادت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا، "ہم نے دیکھا ہے کہ گمبھیر تسلسل سے کام نہیں کر رہے، ان کے کوچ بنتے ہی کئی تنازعات کھڑے ہو گئے۔ بعض کھلاڑیوں کو بغیر کسی واضح میرٹ کے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ یہ سب بھارتی کرکٹ کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔”

انہوں نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ "یہ وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے دل و جان سے ملک کے لیے کھیلا۔ اگر انہیں ڈریسنگ روم میں محسوس ہو کہ ان کی قدر نہیں کی جارہی تو وہ خود کو الگ کر سکتے ہیں۔”

39 سالہ سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگر گمبھیر 2027 کے ورلڈ کپ کے لیے روہت اور کوہلی کو منصوبہ بندی میں شامل نہیں کرتے تو یہ بھارتی کرکٹ کے لیے ایک "بڑی غلطی” ہوگی۔ "وائٹ بال کرکٹ میں ان دونوں کی افادیت سے انکار ممکن نہیں، اور انہیں نظر انداز کرنا ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کر سکتا ہے۔”

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter