آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ ریکارڈز سے بھرپور رہا، جہاں نہ صرف انفرادی بلکہ ٹیم سطح پر بھی کئی اہم سنگ میل عبور کیے گئے۔
جنوبی افریقہ کی اسٹار بلے باز تزمین برٹز نے ون ڈے کرکٹ میں صرف 41 اننگز میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے آسٹریلیا کی میگ لیننگ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 44 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 232 رنز کا ہدف حاصل کر کے ورلڈ کپ میں کیویز کے خلاف سب سے بڑا تعاقب مکمل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2022 میں انہی کے خلاف 229 رنز کے ہدف کی صورت میں موجود تھا۔
تزمین برٹز کی 101 رنز کی اننگز انہیں ویمنز ورلڈکپ میں سنچری بنانے والی جنوبی افریقہ کی تیسری کھلاڑی بنا دیتی ہے۔ اس سے قبل لنڈا اولیویئر (2000) اور ماریزان کیپ (2013) یہ کارنامہ سرانجام دے چکی ہیں۔
تزمین برٹز نے 2025 میں 5 سنچریاں اسکور کی ہیں، جو کسی بھی کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے بھارت کی سمرتی مندھانا کا 2024 کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے ایک سال میں 4 سنچریاں بنائی تھیں۔
ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو اسپرے کیوں کرنا پڑا؟
تزمین برٹز نے اپنی ساتویں سنچری 87 گیندوں پر مکمل کی، جو ان کی تیز ترین اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم کی چوتھی تیز ترین سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے سونے لوس کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی، جو جنوبی افریقہ کی ورلڈکپ تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی۔ اس سے قبل 2013 میں 128 رنز کی شراکت کا ریکارڈ تھا۔
تزمین برٹز نے 2025 میں اب تک 749 رنز بنائے ہیں، جو جنوبی افریقہ کی کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک سال میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ وہ صرف لورا وول وارڈٹ سے پیچھے ہیں، جنہوں نے 2022 میں 882 رنز اسکور کیے تھے۔
