کراچی کے دو مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈکیت ہلاک اور تین دیگر زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
پولیس نے ڈکیتوں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، زیر استعمال موٹر سائیکل اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے۔
بلوچ کالونی تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ کشمیر پلازہ کے قریب پیر کی صبح پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم سکندر ولد عمر ہلاک جبکہ دو ملزمان عرفان ولد شاہنواز علی اور راشد علی ولد محمد علی زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
انہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے روکنے کے اشارے پر پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
کراچی: پلاٹس کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق
دوسری جانب ابراہیم حیدری پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اسامہ عرف شیرو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ زخمی ملزم سے ایک پستول، موبائل فون اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے تمام ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عمل جاری ہے۔