سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی حراست سے رہائی کے سلسلے میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے اہم پیشرفت کی اطلاع دی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ اردن کے دارالحکومت عمّان میں واقع اپنے سفارت خانے کے ذریعے مشتاق احمد کی بحفاظت واپسی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے اردن کی حکومت کے تعاون کو انتہائی قیمتی اور مثالی قرار دیتے ہوئے اس پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اردن کی برادر حکومت کی فراخدلانہ حمایت کی بدولت امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند روز میں کامیابی سے مکمل ہو جائے گا۔
اسرائیلی فورسز کا غزہ جانے والے صمود فلوٹیلا پر حملہ، سابق سینیٹر مشتاق احمد گرفتار
واضح رہے کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل تھے، جہاں اسرائیلی فورسز نے حملہ کر کے انہیں اور دیگر افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ قافلے کے دیگر درجنوں افراد کو رہا کر دیا گیا ہے، تاہم مشتاق احمد اور کچھ دیگر افراد اب بھی اسرائیلی حراست میں ہیں۔