سابق انگلش کپتان کا پاک بھارت میچ بند کرانے کا مطالبہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق انگلش کرکٹ کپتان مائیکل ایتھرٹن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ٹورنامنٹس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کا بندوبست بند کرے۔

latest urdu news

برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے میچز محض اقتصادی اور سفارتی مفادات کے لیے کروائے جا رہے ہیں، جس سے کھیل کی اصل روح متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ 2013 سے لے کر اب تک 11 آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں ہر بار گروپ مرحلے میں آمنے سامنے آئی ہیں، اور ان میچز کی معاشی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ آئی سی سی کے براڈکاسٹ حقوق کی مالیت 2023 سے 2027 کے درمیان تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ میچز مالی کامیابی کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں، مگر ایشیا کپ 2025 کے دوران پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کرکٹ اب سفارت کاری کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ پروپیگنڈے اور کشیدگی کا ہتھیار بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کو مالی فائدے کے لیے سیاسی تناؤ کا شکار بنانا کسی طور پر قابل قبول نہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس "خاموشی سے حمایت شدہ انتظام” کو ختم کر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی سی سی آئندہ براڈکاسٹ معاہدوں کے لیے میچ شیڈول ترتیب دے تو اسے شفاف ہونا چاہیے، اور اگر ہر بار بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا نہ ہو تو کوئی مسئلہ نہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت تین مرتبہ آمنے سامنے آئے تھے، جن میں فائنل بھی شامل تھا، لیکن بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو کے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے کھیل کے میدان میں سیاسی کشیدگی کو جنم دیا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter