ٹک ٹاک اسٹار کا کارنامہ،سائیکل پر ایفل ٹاور کی سیڑھیاں چڑھ کر نیا عالمی ریکارڈ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 فرانسیسی سائیکلسٹ اور مشہور ٹک ٹاک اسٹار اوریلین فونٹینو نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے سب کو حیران کر دیا۔

latest urdu news

انہوں نے ایفل ٹاور کی 686 سیڑھیاں سائیکل پر چڑھ کر صرف 12 منٹ 30 سیکنڈ میں مکمل کیں، جو کہ پچھلے ریکارڈ سے تقریباً سات منٹ بہتر ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2002 میں ہیوگز رچرڈ نے بنایا تھا۔

فونٹینو کا یہ کارنامہ بظاہر جتنا حیران کن ہے، اس کے پیچھے اتنی ہی سخت محنت اور تیاری چھپی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایفل ٹاور کی سیڑھیاں سائیکلنگ کے لیے انتہائی مشکل اور تکنیکی چیلنج تھیں۔ راستہ طے کرنے کے لیے انہوں نے اپنی بریکنگ ٹیکنیک میں مہارت حاصل کی، ٹائروں کو کمپریس کیا اور جگہ جگہ چھلانگیں لگا کر سیڑھیاں عبور کیں۔

فونٹینو نے اس ریکارڈ کی تیاری چار سال قبل شروع کی تھی، تاہم کووڈ 19، اولمپک گیمز اور ایفل ٹاور کی مرمت کے باعث یہ چیلنج کئی بار مؤخر کرنا پڑا۔ اس دوران وہ مسلسل جم ٹریننگ، جمپ رسی اور دیگر ٹیکنیکل ورک آؤٹ کے ذریعے خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرتے رہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب فونٹینو نے اس قسم کا غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہو۔ وہ اس سے قبل بھی پیرس کی مختلف مشہور عمارتوں اور ایسٹونیا کے ٹی وی ٹاور کو بائیسکل پر سر کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ چیلنج نہ صرف ان کی ذاتی صلاحیتوں کا امتحان تھا، بلکہ بائیسکل ٹرائلز جیسے کم معروف کھیل کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کی کوشش بھی ہے۔

فونٹینو اس وقت سوشل میڈیا پر بھی خاصے مقبول ہیں۔ ان کے ایک ملین سے زائد فالوورز ہیں جو ان کی چیلنج ویڈیوز، ٹریننگ ٹپس اور بائیک ریویوز کو بہت پسند کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چھوٹے کھیلوں میں صرف مقابلوں سے آمدنی ممکن نہیں ہوتی، اس لیے سوشل میڈیا کی مدد سے انہوں نے نہ صرف اسپانسرز حاصل کیے بلکہ مالی طور پر خود کو مستحکم بھی کیا۔

اس شاندار کامیابی کے بعد فونٹینو کا اگلا ہدف دنیا کے مزید بلند ٹاورز پر سائیکل چڑھانا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا خواب ہے کہ ایک دن برج خلیفہ کو بھی بائیسکل پر سر کریں اور دنیا کو دکھائیں کہ جذبہ، محنت اور جنون کے ساتھ کچھ بھی ممکن ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter