سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کر سکتا ہے، جس پر خاص نظر رکھنا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو بخوبی علم ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے جو اس کے مزموم عزائم کا موثر جواب دے سکتی ہے۔
جنرل ناصر جنجوعہ نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں اور مستقبل کی دفاعی حکمت عملی کے موضوع پر ایک سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور پاکستانی افواج کی عالمی سطح پر عزت و مقام میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت دنیا میں تنہا ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے کسی قسم کے ایڈونچر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ بھارت کے اندرونی سیاسی حالات پاکستان پر حملے کے خدشات کو بڑھا رہے ہیں۔ ائیر مارشل (ر) ساجد حبیب نے بھارت کی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کو عالمی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو اس بار پاکستان کی طرف سے سخت جواب دیا جائے گا اور 70 بھارتی طیارے گرائے جائیں گے۔
کوئی نیا ڈرامہ کیا تو پاکستان کا ردعمل تباہ کن ہوگا، آئی ایس پی آر
خارجہ امور کے ماہر محمّد مہدی نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکہ کے ساتھ متوازن تعلقات سفارتی کامیابی ہیں، تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتے، اور سی پیک منصوبے کی رفتار توقعات کے مطابق نہیں رہی۔
محمد مہدی نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے کیپیسٹی بلڈنگ اور سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے، اور دفتر خارجہ کو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانی ہوں گی تاکہ خطے کے نئے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
پاکستان نیوی کے رئیر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ گوادر پورٹ کو مکمل آپریشنل کرنے تک پاکستان کو سنگین خطرات کا سامنا رہے گا، لیکن بحری سلامتی کے حوالے سے کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔
سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپنا کام بخوبی انجام دیا ہے لیکن سیاسی اور معاشی میدان میں ابھی بہت کام باقی ہے۔ میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کے خلاف کامیاب بنایا ہے، جس کی صدقہ صدر ٹرمپ نے بھی متعدد بار تصدیق کی ہے۔