گجرات میں بہو کا لرزہ خیز قتل، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومتی ایکشن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات کے علاقے تھانہ کنجاہ کی حدود میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر سسرالیوں نے بہو راشدہ کو پہلے زہر کی گولیاں کھلائیں، پھر تیزاب پلایا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس ظلم کی انتہا یہ تھی کہ متاثرہ خاتون کو برہنہ کر کے اس کی ویڈیو بنائی گئی، اور تاخیر سے اسپتال منتقل کرنے کے بعد ہی اہل خانہ کو اطلاع دی گئی۔ متاثرہ خاتون نے ہوش میں آنے کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں سارا واقعہ تفصیل سے بتایا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

latest urdu news

واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کے لیے بھیجا۔ حنا پرویز بٹ مقتولہ کے گھر پہنچیں، جہاں انہوں نے غمزدہ والدین، بھائی اور بہن سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کی جانب سے دلی تعزیت، ہمدردی اور مکمل تعاون کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی، نفسیاتی اور سماجی مدد فراہم کرے گی۔

اس موقع پر حنا پرویز بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک معصوم بہو کو زہر اور تیزاب دینا، اس پر تشدد کرنا اور اس کی عزت کو پامال کرنا ناقابلِ معافی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کر رہی ہیں اور انصاف ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ملزمان کا پولی گراف (جھوٹ پکڑنے والا) ٹیسٹ کروایا جائے، تفتیش کو تیز کیا جائے اور تمام قانونی تقاضے فوری پورے کیے جائیں تاکہ ملزمان کو سخت ترین سزا دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر ظلم کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، اور ایسے مجرمان کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "محفوظ پنجاب” ہماری اولین ترجیح ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

ایس پی انویسٹی گیشن ضلع گجرات نے بھی واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک جرم میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ گجرات پولیس متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کر رہی ہے اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس قسم کے واقعات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter