آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ایک غیر معمولی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں لائٹس آن ہوتے ہی گراؤنڈ پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ ہو گیا۔
اس اچانک حملے سے پاکستانی کھلاڑی خاصی پریشان ہو گئیں۔ بولر نشرہ سندھو نے سب سے پہلے امپائر سے رومال لے کر کیڑوں کو بھگانے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہ ملی۔
کچھ دیر بعد جب صورتحال مزید بگڑ گئی تو ریزرو کھلاڑی اسپرے لے کر میدان میں پہنچ گئیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے خود اسپرے اٹھا کر پچ اور اردگرد کے علاقے میں اسپرے کیا تاکہ کھیل دوبارہ بحال کیا جا سکے۔
یہاں تک کہ ایمان فاطمہ نے ایک کھلاڑی کی کیپ پر بھی اسپرے کیا، مگر کیڑوں کی یلغار رک نہ سکی۔ نتیجتاً، میچ عارضی طور پر روکنا پڑا اور اسٹیڈیم انتظامیہ نے پورے گراؤنڈ میں اسپرے کر کے صورتحال پر قابو پایا۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی، جہاں مداحوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے اور فوری ردعمل کو سراہا، جبکہ کچھ صارفین نے طنزیہ انداز میں اسے کرکٹ اور سروائیول اسکلز کا امتزاج قرار دیا۔