احمدآباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارت نے ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 140 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز اپنی دوسری اننگز میں پہلی اننگز جتنا بھی اسکور نہ بنا سکی اور 146 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے ایلک اتھانازی نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جبکہ جسٹن گریوز 25 اور جیڈن سیلز نے 22 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے چار، محمد سراج نے تین، کلدیپ یادیو نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آئی سی سی نے صحافیوں کو پاکستانی کپتان سے سیاسی سوال کرنے سے روک دیا
بھارت نے گزشتہ روز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تھی، جس میں دھروو جوریل نے 125، رویندرا جڈیجا نے ناقابل شکست 104 اور کے ایل راہول نے 100 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 162 رنز بنائے تھے۔ اس سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10 اکتوبر سے دہلی میں شروع ہوگا۔