بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو 5 سال بعد بالآخر اپنا پاسپورٹ واپس مل گیا۔
ممبئی ہائیکورٹ نے 30 ستمبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) کو ہدایت دی کہ وہ ریا کی مستقل ضمانت کے پیشِ نظر ان کا پاسپورٹ واپس کرے۔
عدالت نے یہ فیصلہ ریا کے مکمل تعاون، عدالتی شرائط کی پابندی اور مسلسل حاضری کو مدِنظر رکھتے ہوئے دیا۔ پاسپورٹ کی واپسی کے بعد اب ریا چکرورتی کو بیرونِ ملک سفر کے لیے پیشگی اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم وہ ہر سفر سے قبل اور بعد میں حکام کو اطلاع دینے اور تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنا پاسپورٹ دکھاتے ہوئے لکھا:گزشتہ 5 سال سے صبر ہی میرا واحد پاسپورٹ تھا، ان گنت لڑائیوں اور نہ ختم ہونے والی امید کے ساتھ میں اپنا پاسپورٹ ایک بار پھر حاصل کرسکی
سلمان خان نے ایشوریا سے بریک اپ کے بعد کیا کیا؟ ہدایتکار کا حیران کن انکشاف
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جہاں مداح اور شوبز شخصیات اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
ریا چکرورتی کو جون 2020 میں سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد منشیات سے متعلق کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، اور ان کی ضمانت سخت شرائط کے ساتھ منظور ہوئی تھی، جس میں پاسپورٹ عدالت کے پاس جمع کرانا بھی شامل تھا۔
اب ممبئی ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے سے ریا کی قانونی مشکلات میں بڑی حد تک کمی آئی ہے، اور وہ طویل قانونی عمل کے بعد معمول کی زندگی کی طرف قدم بڑھا رہی ہیں۔