پورٹ قاسم دنیا کی نویں سب سے زیادہ ترقی کرنے والی بندرگاہ قرار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز، پورٹ قاسم کو عالمی ادارے کی تازہ درجہ بندی میں دنیا کی نویں سب سے زیادہ ترقی کرنے والی کنٹینر بندرگاہ قرار دے دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی ادارے کی جانب سے جاری کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس (CPPI) 2024 میں دنیا بھر کی 400 سے زائد بندرگاہوں کا تجزیہ کیا گیا، جس کے مطابق پورٹ قاسم نے گزشتہ چار برسوں میں 35.2 پوائنٹس کی غیر معمولی ترقی حاصل کی۔ یہ پاکستان کی سمندری تجارت میں بڑھتی ہوئی صلاحیت اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ کا مظہر ہے۔

latest urdu news

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے اس پیش رفت کو "قومی فخر کا لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے حکومت کی مؤثر پالیسی اصلاحات، جدید قوانین اور بندرگاہی شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، کارگو آٹومیشن اور ریئل ٹائم ٹریکنگ جیسے اقدامات نے پورٹ آپریشنز کو عالمی معیار تک پہنچا دیا ہے، جبکہ ڈی پی ورلڈ کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (QICT) نے اس کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت نے طویل عرصے سے رکے ہوئے ڈریجنگ منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس سے بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت ممکن ہوگی، تجارتی حجم بڑھے گا، اور پاکستان علاقائی سطح پر ایک مضبوط لاجسٹکس حب کے طور پر ابھرے گا۔

چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل (ر) معظم الیاس نے اس کامیابی کو پاکستانی افرادی قوت کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کے مطابق کراچی، گوادر اور پورٹ قاسم مل کر ایک جدید سمندری مثلث (Maritime Triangle) تشکیل دے رہے ہیں، جو نہ صرف درآمدات و برآمدات کی لاگت کم کرے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم کی ترقی پاکستان کے "سمندری خوشحالی کے وژن” کی عملی تعبیر ہے، جو ملک کو خطے کے مستحکم بحری اور تجارتی نیٹ ورک میں مرکزی حیثیت دلوائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter