کراچی کے علاقے موچکو حب ریور روڈ پر حاجی خواستی گوٹھ میں پلاٹوں کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا، جب ملزم رافع اور اس کے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں نے اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 50 سالہ جاوید عباسی ولد کالو خان اور 45 سالہ شاہد ولد سعید خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او موچکو فیصل لطیف کے مطابق مقتولین گلی کے کونے پر بیٹھے تھے جب حملہ آور اچانک پہنچے اور فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان نے جاوید عباسی کے بیٹے پر بھی فائرنگ کی، تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ دونوں زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
گلیانہ پل پر فائرنگ، باپ بیٹے کو نشانہ بنایا گیا: بیٹا جاں بحق، والد زخمی
واقعے کے بعد پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ملزمان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے لیکن وہ پہلے ہی فرار ہو چکے تھے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع کا شاخسانہ ہے اور پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔