وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد پریس کلب میں پولیس کے داخلے، توڑ پھوڑ اور صحافیوں پر مبینہ تشدد کے واقعے پر صحافی برادری سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔
انہوں نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی طور پر صحافیوں سے معذرت کے لیے بھیجا ہے اور وہ وزارتِ داخلہ اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے معذرت خواہ ہیں۔
واقعے کے مطابق اسلام آباد پولیس اہلکار بغیر پیشگی اطلاع یا اجازت نیشنل پریس کلب میں داخل ہو گئے تھے جہاں کیفے ٹیریا میں توڑ پھوڑ کی گئی اور صحافیوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (PFUJ) افضل بٹ نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کے عہدیداروں اور ملازمین پر بلاجواز تشدد کیا گیا اور پولیس کو اس جارحیت کا جواب دینا ہوگا۔
افضل بٹ کا کہنا تھا کہ پولیس نے کیمرہ مینوں کے کیمرے اور صحافیوں کے موبائل فون چھیننے کی بھی کوشش کی، جس کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ طلال چوہدری نے یقین دلایا کہ معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔