وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں جاری عوامی احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کو مقبوضہ کشمیر کی قربانیوں کو یاد رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تین نسلوں نے آزادی کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا، "جو سہولیات آپ کو میسر ہیں، وہ وہاں کے لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جوانیاں جیلوں میں گزاریں، گولیاں کھائیں، پھانسیاں چڑھیں اور روزانہ پاکستان سے محبت کی قیمت ادا کی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کشمیر کی جنگوں میں پاکستان کے تمام قومیتی سپوتوں نے قربانیاں دی ہیں چاہے وہ پنجابی ہوں، پختون، بلوچ یا سندھی۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا وجود داؤ پر لگایا ہے، اور آئندہ بھی لگائے گا۔
آزاد کشمیر کی کشیدہ صورتحال: وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی نگرانی کا اعلان کر دیا
خواجہ آصف نے یاد دلایا کہ اکتوبر 1947 میں ایک لاکھ کشمیری مسلمانوں نے اپنی جانیں قربان کیں جب انہوں نے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی۔