تھانہ بولانی پولیس نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو قتل کرنے والے سفاک ملزم وسیم الرحمٰن کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ 21 ستمبر کو معصوم پور میں پیش آیا تھا۔
متاثرہ خاندان کے فرد غلام مصطفیٰ کے مطابق وہ اہلِ خانہ کے ساتھ گھر کی چھت پر سو رہا تھا کہ رات 10:10 بجے اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ نیچے آ کر دیکھا تو اس کی والدہ خون میں لت پت چارپائی پر پڑی تھیں، جنہیں اس کے سوتیلے والد وسیم الرحمٰن نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر فرار ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع پر ایس آئی احسان لطیف بمعہ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچے، شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ڈی ایس پی ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔