وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں اور ناخوشگوار واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور فوری امدادی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری سے پیش آنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوامی جذبات کا احترام کیا جائے اور غیر ضروری سختی سے گریز کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد پہنچانے اور امن کے قیام کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
صورتحال کے پُرامن حل کے لیے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ، سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو کمیٹی میں شامل کر لیا ہے۔ کمیٹی کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچ کر مسائل کا دیرپا حل تلاش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال: عوامی مطالبات اور حکومتی موقف
وزیراعظم نے وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کیا ہے اور کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ اپنی سفارشات جلد از جلد وزیراعظم آفس کو بھجوائے۔