گجرات کے علاقے کنجاہ میں زمین کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث چار افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ 28 مئی 2024 کو پیش آیا، جب دو گروہوں کے درمیان زمین کی ملکیت پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں گروپوں کے 11 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کنجاہ انسپکٹر سید شیراز حیدر کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر چار ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت احسان اللہ ولد محمد شفیع، کامران ولد محمد منیر، یاسر ولد محمد منیر (ساکنان کنجاہ) اور احتشام ولد غلام حسین (ساکن گوجرانوالہ) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔