شیخوپورہ کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) نے مریدکے کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق، یہ ڈاکو کرتو اسٹاپ کے اطراف شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے اور سنگین جرائم جیسے قتل، اغوا اور ڈکیتی میں ملوث تھے۔
سی سی ڈی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا۔ ہلاک ڈاکو ماضی میں ایک خاتون کے قتل اور متعدد افراد کو زخمی کرنے جیسے جرائم میں بھی مطلوب تھے۔
اس واقعے سے ایک روز قبل لاہور میں بھی سی سی ڈی کے ساتھ مختلف مقابلوں میں 6 ملزمان مارے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق، چنیوٹ، گوجرہ، گجرات اور جڑانوالہ میں پیش آئے واقعات میں ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
چنیوٹ میں ریلوے پھاٹک کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، جبکہ دو فرار ہوگئے۔ فیصل آباد روڈ پر شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والے ملزمان میں سے ایک کی لاش بعد ازاں کھیتوں سے ملی، جس کی شناخت حسن جہانگیر کے طور پر ہوئی۔
گوجرہ میں بھی مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ریاست علی اور محمد ارشاد نامی دو ڈاکو مارے گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔