سی سی ڈی کے مقابلوں میں 6 ڈاکو ہلاک، پولیس کا بڑا ایکشن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور اس کے گرد و نواح میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 6 ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ یہ تمام واقعات چنیوٹ، گوجرہ، گجرات اور جڑانوالہ میں پیش آئے، جہاں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

latest urdu news

پہلا مقابلہ چنیوٹ میں ریلوے پھاٹک کے قریب ہوا، جہاں تین ڈاکوؤں نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی۔ پولیس کے تعاقب پر ڈاکو فصلوں میں چھپ گئے، سرچ آپریشن کے دوران ایک ڈاکو حسن جہانگیر کی لاش ملی جبکہ دو فرار ہوگئے۔

گوجرہ میں ہونے والے دوسرے مقابلے میں دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں دونوں ڈاکو ریاست علی اور محمد ارشاد مارے گئے۔ ان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ دو ساتھی فرار ہو گئے۔

گجرات میں ہونے والے دو الگ الگ مبینہ مقابلوں میں دو بدنام زمانہ ڈاکو مارے گئے۔ انسپکٹر عدنان احمد تارڑ کی قیادت میں ہنجرا پل پر ہونے والے مقابلے میں شاہد پرویز مارا گیا، جو کہ 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب اور 4 مقدمات میں اشتہاری تھا۔ دوسرا ہلاک ڈاکو ذیشان اسلم تھا، جو خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں سرگرم بین الاضلاعی گینگ کا حصہ اور ڈھائی درجن سے زائد مقدمات میں ملوث تھا۔

گجرات میں 24 گھنٹے کے دوران تیسرا پولیس مقابلہ

آخری مقابلہ جڑانوالہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا، جہاں تین مسلح ڈاکو شہری سے نقدی اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو عدنان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور کئی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، جبکہ فرار ہونے والوں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ان تمام کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے ڈاکو جرائم کی دنیا میں خاصی شناخت رکھتے تھے اور کئی مقدمات میں مطلوب تھے۔ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter